آخر کار سلیکٹرز نے شائقین کی سن لی! شعیب ملک کو ورلڈ کپ کے لئے ٹیم میں شامل کر لیا گیا

مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک کو صہیب مقصود کی جگہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیب مقصود کمر کی تکلیف کے باعث قومی ٹی ٹوینٹی سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں ، ان کا ایم آر آئی سکین چھ اکتوبر کو کروایا جائے گا ۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہناتھا کہ صہیب مقصود کا آئی سی سی مینز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونا افسوسناک ہے ، انہوں نے اس ایونٹ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ بننے کیلئے بہت محنت کی تھی، ہمیں ان کا احساس ہے مگر انجریز کھیل کا حصہ ہوتی ہیں ۔ انہیں یقین ہے کہ صہیب مقصود اپنا ری ہیب پروگرام مکمل کرنے کے بعد جلد ہی دوبارہ قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے ، ٹیم مشاورت کے بعد ہم نے ان کی جگہ شعیب ملک کو سکواڈ میں شامل کر لیاہے ، شعیب ملک کا تجربہ قومی سکواڈ کیلئے بہت کارگر ثابت ہو گا ۔

شعیب ملک نے 2007 سے میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی، وہ 2009 ورلڈ کپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا بھی حصہ تھے ، انہوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی ۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپر میں شرکت کیلئے قومی سکواڈ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گا، میگا ایونٹ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا ۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گا، اس سے قبل پاکستان 18 اور 20 اکتوبر کو بالترتیب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *