“بوس کے ساتھ مسئلہ ہوا تو شعیب اختر کو 10 کروڑ کا نوٹس بھیج دیا، کیا تین سال تک یہ سو رہے تھے” سلمان بٹ نے پی ٹی وی سپورٹس کو آڑے ہاتھوں لے لیا

No One In Pakistan Cricket Can Talk About Integrity: Salman Butt

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ کیا شعیب اختر کو 10 کروڑ روپے کا نوٹس دینے والی پی ٹی وی سپورٹس کی انتظامیہ تین سال تک سوتی رہی تھی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں میزبان عائشہ یوسف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ شعیب اختر کو نوٹس تین سال بعد اس لیے یاد آیا ہے کیونکہ اب ان کی وہ دوستی نہیں رہی۔ شعیب اختر پہلے بھی دوسرے چینلز پر جا کر پروگرام کرتے تھے لیکن تین سال تک انہیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔ اگر کنٹریکٹ میں لکھا تھا کہ وہ دوسرے چینل پر نہیں جاسکتے تو کیا پہلے پی ٹی وی سپورٹس کی انتظامیہ سو رہی تھی۔

انہوں نے شعیب اختر کو بھیجے جانے والے نوٹس پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون لوگ ہیں جو پی ٹی وی کو چلا رہے ہیں؟ کیا یہ تین سال تک سوتے رہے ہیں؟کیا اس طرح ہوتا ہے کہ آپ تین سال بعد نوٹس دیں؟

سلمان بٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہم قومی ہیرو اور لیجنڈ کرکٹر شعیب اختر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم اُن کا آخری حد تک ساتھ دیتے رہیں گے۔ شعیب اختر سمیت ہم سب اس چیز کو کبھی قبول نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شعیب اختر کو پی ٹی وی کی طرف سے 10 کروڑ 33 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *