لیجنڈ کا میڈین عمر شریف کے انتقال پر کرکٹرز بھی افسردہ! بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھی پیغام شیئر کر دیے

عمر شریف کے انتقال پر کرکٹرز بھی افسردہ

کامیڈین عمر شریف کے انتقال نے نا صرف عوام کو بلکہ قومی کرکٹرز کو بھی افسردہ کر دیا ہے۔ تمام لوگ عمر شریف کے لیے دعاۓ مغفرت کررہے ہیں اور اُن کی خدمات کو یاد کیا جارہا ہے۔

ایسے میں دیگر شوبیز سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے تو غم کا اظہار کیا ہی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ کرکٹرز اور سابق کرلٹرز بھی سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے اپنے افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے عمر شریف کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور اُن کے لیے ایک شعر بھی لکھا۔محمد رضوان نے اپنے ٹویٹ میں مرحوم عمر شریف کی تصویر بھی شئیر کی۔

ستم ظریفی ذرا تو دیکھو
ہنسانے والا رُلا کے اُٹھا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر سے دل شکستہ ہوں، وہ بلاشبہ کامیڈی کے بے تاج بادشاہ تھے ۔اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت فرماۓ۔ اُنہوں نے اپنے صارفین سے درخواست کی کہ سب عمر شریف کے لیے فاتحہ پڑھ دیں۔

چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نے لکھا کہ عمر شریف کو کھونے کا بہت دکھ ہے۔ ان کی عقل اور مزاح افسانوی تھا۔

قومی سابق فاسٹ باؤلر عمر گل نے اپنے پیغام میں لکھا کہ بے شک ہم اللہ کے ہیں اور بے شک ہم اسی کی طرف لوٹیں گے۔ مزاحیہ بادشاہ کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ برائے مہربانی عمر شریف کے لیے سورہ فاتحہ پڑھیں۔ اللہ اُن کی آخرت آسان فرمائے اور جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ افسوسناک خبر کامیڈی کے بادشاہ انتقال کر گئے ہیں، ان کے خاندان اور تمام مداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *